جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

پیر افضل قادری کا تحریک لبیک کی ذمہ داریوں سے سبکدوشی کا اعلان

لاہور : تحریک لبیک کے مرکزی رہنما پیر افضل قادری نے تحریک لبیک کی ذمے داریوں سے سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے حکومت، پاک فوج اور عدلیہ سے معذرت کر لی ہے۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں پیر افضل قادری نے کہا کہ حکومت ، عدلیہ اور فوج سے معافی مانگتا ہوں، پارٹی قیادت ذمہ داری سمجھتے ہوئے معاملات بہتر کرے گی، آئین، اداروں کا احترام کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ دفاع کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں، ‘کارکن اخلاق کا مظاہرہ کریں، پر امن رہیں ‘ریٹائرمنٹ کا فیصلہ صحت کی خرابی کی وجہ سے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں حکومت- عدلیہ اور چیف آف آرمی سٹاف کی دل آزاری پر انتہائی معذرت خواہ ہوں اورانشااللہ العزیز تحریک لبیک کے ذمہ داران صورتحال کا ادراک اور قیادت کی بھاری ذمے داریوں کا احساس کرتے ہوئے معاملات بہتر کریں گے اور معاشرے کی اصلاح کیلئے کردار ادا کرینگے۔

پیر افضل قادری نے کارکنوں کو سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکن اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کریں، پر امن رہیں اور ملکی سلامتی کیخلاف تمام امور سے اجتناب کریں، کوئی کارکن غیر اسلامی و غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوا تو تحریک کے ڈسپلن کے تحت تادیبی کارروائی اور لاتعلقی اختیار کی جائیگی۔

اپنی ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے متعلق انہوں نے کہا کہ صحت شدید خراب ہو چکی ہے ،ریٹائر منٹ کا فیصلہ گزشتہ سال کا کرلیا تھا اور احباب کو بھی مطلع کردیا تھا ، اب چونکہ صحت مزید علیل اور شدید جسمانی کمزوری واقع ہوچکی ہے لہذٰا تحریک کی عملی جدوجہد سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرتا ہوں۔

متعلقہ خبریں