جی ٹی وی نیٹ ورک
اسلام آباد

ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی، ٹیم میں گروپنگ کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ دائر

اسلام آباد: ہائی کورٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے خلاف رٹ دائر کردی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی، کرکٹ ٹیم میں مبینہ گروپنگ اور ٹیم سلیکشن کے خلاف بلال فاروقی ایڈووکیٹ نے رٹ دائر کی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کو ریلوکٹا کہا، وزیراعظم کے بیان کے مطابق پی سی بی اور سلیکشن کمیٹی ناکام ہوگئی، شعیب ملک کی گروپنگ کرنے کی خبریں عام پھر بھی سلیکشن سمجھ سے بالاتر ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ موجودہ ورلڈ کپ ٹیم میں گروپنگ کی خبروں پر فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بنایا جائے، کرکٹ ٹیم میں گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف انکوائری کا حکم دیا جائے، شعیب اختر، راشدلطیف اور محمد وسیم کو عدالتی معاونت کے لیے طلب کیا جائے۔

درخواست کے مزید مطابق عدالت سلیکشن کمیٹی سے ٹیم سلیکشن کا طریقہ کار طلب کرے۔ سلیکشن کمیٹی کے خلاف وزیراعظم کو کاروائی کا حکم دیاجائے۔ پرنسپل سیکریٹری ٹو وزیراعظم، سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پی سی بی فریق قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں