وزیراعظم کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات، ڈٹ جانے کا مشورہ

اسلام آباد: اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے لیئے امیدوار نامزد کرنے کے بعد چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیراعظم سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور قائد ایوان شبلی فراز بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک کی ناکامی کے لئے پر اعتماد نظر آئے۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ کو ڈٹ جانے کا مشورہ دیا۔

وزیراعظم نے صادق سنجرانی سے کہا کہ آپ ہاؤس کو شاندار انداز میں چلارہے ہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ہم سب مل کر ناکام بنائیں گے۔  

چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کی تحریک سے متعلق وزیر اعظم سے مشاورت مکمل کرلی۔ اس موقع پر اعظم سواتی اور قائد ایوان شبلی فراز نے وزیر اعظم کو نمبر گیم سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والے بتائیں! چیرمین سینیٹ کو ہٹانے کی کوششیں کون سے جہمہوری اقدار ہیں۔ مفاد پرست لوگ جمہوریت کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔