قبائلی علاقوں میں تاریخ کے پہلے انتخابات میں پولنگ جاری

پشاور : خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

صوبائی اسمبلی کے 16 حلقوں میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا، جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے سے جاری رہے گا۔

ضلع باجوڑ میں صوبائی اسمبلی کی تین، ضلع مہمند میں دو، ضلع خیبر میں تین، ضلع کرم میں دو اور ضلع اورکزئی میں ایک صوبائی نشست کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

ضلع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی دو دو نشستوں کیلئے پولنگ ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سابق فرنٹیر ریجن میں ایک صوبائی نشست رکھی گئی ہے۔

پی کے 115 کے علاقوں میں جانی خیل، بٹہ خیل، جنگل خیل، تحصیل لالچی، تحصیل گمبٹ اور تحصیل درہ آدم خیل شامل ہیں۔