جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

ملک بھر میں بریک ڈاؤن کے بعد بجلی کی بحالی شروع ہوگئی

بجلی

ملک بھر میں بریک ڈاؤن کے بعد بجلی کی بحالی شروع ہو گئی، لاہور، اسلام آباد، کراچی، ملتان، پشاور سمیت کئی علاقوں کو بجلی کی مرحلہ وارفراہمی جاری ہے، بلوچستان کے کئی اضلاع تاحال بجلی سے محروم ہیں، این ٹی ڈی سی نے بجلی کے بریک ڈاؤن کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔

بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، رات گئے پورا ملک اندھیرے میں ڈوب گیا۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ رات 11 بج کر 41 منٹ پر گدو میں فالٹ پیدا ہوا جس کے باعث ملک کی ہائی ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ ہوئی اور سسٹم کی فریکوئنسی 50 سے صفر پر آگئی، فریکوئنسی گرنے کے باعث پاور پلانٹس بند ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: رات گئے پاکستان بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، کئی شہر اب تک بجلی سے محروم

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے جی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا جیسے گھر میں فیوز اڑتا ہے، ایسے ہی پورے ملک میں فیوز اڑ گیا۔ سسٹم میں فالٹ کیسے آیا اس پر تحقیقات ہورہی ہے۔

حکام کے مطابق بجلی کے بریک ڈاؤن کی تحقیقات اور وجہ معلوم کرنے کے لئے ہائی لیول کمیٹی تشکیل دے دی گئی، ترسیلی نظام کو بحال کرنے کی بھرپور کوشش جاری ہیں۔ تربیلا پاور ہاؤس کے تین اور وارسک پاور ہاؤس کے یونٹس بھی چلا دیے گئے۔

ترتیب وار بجلی بحالی کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے، جوں ہی ابتدائی فریکونسی مل جائے تو باقی بحالی کا کام تیزی سے ہوتا ہے۔ حکام کے مطابق منگلا پاور ہاؤس بھی چلا دیا گیا۔

متعلقہ خبریں