جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر سودے بازی نہیں کریں گے : آصف زرداری

بااختیار پارلیمنٹ اور

اسلام آباد : آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی عوام کی طاقت اور ووٹ سے آئی ہے، بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 54ویں یوم تاسیس کے موقع پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے بانی کے فلسفے اور منشور پر ثابت قدم ہے۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ملک میں پارلیمانی نظام کے لیئے جدوجہد کی تھی اور ملک کو پارلیمانی نظام دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پارلیمانی نظام کا مکمل دفاع کرتے رہیں گے۔ بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے اور اس سوچ کو شکست دے جو جمہوریت سے نفرت کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام ہمارا دین ہے، سوشلزم ہماری معیشت ہے، جمہوریت ہماری سیاست ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ قائدِ عوام کے دیئے ہوئے منشور کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی 54 سال سے جدوجہد کرتی رہی ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی عوام کی طاقت اور ووٹ سے آئی ہے، اس لیئے ہماری ترجیح صرف عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے پر مبذول رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست مسترد

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور ان بہادر کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے آئین اور جمہوریت کی خاطر اپنی جانیں قربان کی کوڑے کھائے اور جیل کی تکالیف برداشت کی۔

انہوں نے کہا کہ آج پیپلزپارٹی دو طرح کی سوچ کی مزاحمت کر رہی ہے، ایک سوچ جمہوریت سے نفرت کرنے والوں کی ہے، دوسری سوچ ان شدت پسندوں کی ہے جو جو اپنی مرضی عوام پر مسلط کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کو ملک، آئین اور جمہوریت اس لیئے سب سے زیادہ عزیز ہے۔ پیپلزپارٹی نے اس ملک کی دوبارہ تعمیر کی، ملک کو آئین دیا اور عوام کو جمہوری حقوق دیئے۔ ملک اور جمہوریت کیلئے پیپلزپارٹی کی قربانیاں ایسی حقیقت ہے، جس سے کوئی انکار کر ہی نہیں سکتا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل بھی ہے اور جمہوریت دشمنوں سے جمہوری انداز میں انتقام بھی۔ پیپلزپارٹی سمیت تمام جمہوریت پسندوں کا فرض ہے کہ وہ 18ویں آئینی ترمیم کی حفاظت کریں۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے عظیم نانا اور عظیم والدہ کے خواب کی تکمیل کیلئے میدان میں ہیں۔ یہ خواب ہے ملک کو حقیقی جمہوری اور فلاحی ریاست بنانا جہاں ریاست کے ثمرات پر کچلے ہوئے اور معاشی طور کمزور عوام کو بھی مساوی حقوق میسر ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایسا ملک اور معاشرہ بنانا ہے جو غربت، بیروزگاری، معاشی بدحالی، جہالت، شدت پسندی اور عدم برداشت سے پاک ہو۔

متعلقہ خبریں