جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

ضرورت مند اور نادار افراد کو تلاش کر کے ان تک قربانی کا حصہ ضرور پہنچائیں : صدر عارف علوی

قربانی کا حصہ ضرور

اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ اپنے ارد گرد ضرورت مند اور نادار افراد کو تلاش کر کے ان تک قربانی کا کچھ حصہ ضرور پہنچائیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالمِ اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، خوشی کا یہ موقع ہمارے زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور کامرانیاں لے کر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزمایا، یہ بزرگ ہستیاں ان امتحانات میں پوری طرح سرخرو ہوئیں، آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہیے۔ مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صدر مملکت کی میڈیا اور سیاستدانوں سے کورونا وائرس پر شعور اجاگر کرنے کی اپیل

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا پریشان ہے، تمام انسانیت کسی نہ کسی طرح اس وبا سے متاثر ہوئی ہے۔ اس وبا نے معاشی طور پر ساری دنیا کو بڑے نقصان سے دوچار کیا ہے۔ بڑی بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ عیدِ قربان کے اس موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کرمدد کی جائے، حدیث کے مطابق قحط سالی کے دور میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے تین دن کی ضرورت سے زائد گوشت جمع کرنے سے منع فرمایا۔ اپنے ارد گرد ضرورت مند اور نادار افراد کو تلاش کر کے ان تک قربانی کا کچھ حصہ ضرور پہنچائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کریں، اللہ تعالی کے حضور گڑگڑا کر دعا کریں کہ وہ ہمیں اس وبا کی ہولناکیوں سے محفوظ ومامون فرمائے۔

متعلقہ خبریں