جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

چیمبرز آف کامرس کے صدور کا ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

چیمبرز آف کامرس

اسلام آباد : چیمبرز آف کامرس کے صدور نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کاروباری برادری ٹیکس دینے کیلئے تیار ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان سے ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس کے صدور نے ملاقات کی۔ شرکاء نے بتایا کہ کاروباری برادری ٹیکس دینے کیلئے تیار ہے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے، جس سے نہ صرف تجارتی خسارہ کم ہوگا، زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، بلکہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے نظام کی بہتری کیلئے اصلاحات جاری ہیں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت سے اس عمل میں تیزی اور بہتری آئے گی۔

وزیرِ اعظم نے وفاقی وزراء کو اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطے میں رہنے اور ان کی تجاویز و مسائل سننے کیلئے باقائدگی سے ملاقاتوں کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی کے گجر اور اورنگی نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری

عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاحت کی صنعت کی ترقی کیلئے لائحہ عمل، زراعت کی ترقی کیلئے جامع ایگریکلچرل پلان اور صنعتوں کو مراعات و سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت صنعت کاروں اور کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے بعد اپنی توجہ اب مشاورت سے مسائل کے حل کیلئے کوششوں پر مرکوز کر رہی ہے۔

ملاقات میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کے ساتھ ساتھ کراچی، لاہور، سرحد، کوئٹہ، گجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، گجرات، ملتان، سرگودھا، گوادر، اسلام آباد اور راوالپنڈی کے چیمبرز کے صدور اور نائب صدور نے شرکت کی۔

وفاقی وزراء حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار، مشیرِ برائے کامرس و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کے علاوہ متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے، جبکہ وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

ملاقات وزارتِ کامرس کی طرف سے شروع کیے گئے حکومت اور کاروباری برادری کے مابین تجاویز کے تبادلے اور حکومتی پالیسیوں پر آگاہی بڑھانے کے سلسلے کی کڑی ہے.

متعلقہ خبریں