جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

رنگ روڈ معاملے کو لے کر وزیراعظم عمران خان اور غلام سرور میں بحث

رنگ روڈ معاملے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ کے معاملے پر وسیع پیمانے پر تحقیقات ہوں گی، رنگ روڈ اسکینڈل میں جو بھی ملوث ہوا رعایت نہیں دوں گا۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر ایوی ایشن نے رنگ روڑ کا معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھادیا۔

رنگ روڈ معاملے پر وزیراعظم اور غلام سرور خان میں بحث ہوئی، غلام سرور کا کہنا تھا کہ میڈیا میں میرا نام لیا گیا، پریس کانفرنس میں وضاحت بھی دی۔

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان وفاقی کابینہ میں پھٹ پڑے پنجاب حکومت کی تحقیقات اور ٹی او آرز میرے خلاف تھے، ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر میرا نام لیا جا رہا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کو سوشل میڈیا پر ہی جواب دینا چاہیئے تھا، اگر اس معاملے کی تحقیقات نہ ہوتی تو یہ بہت بڑا مالی سکینڈل بنتا، آپ کا نام سکینڈل میں نہیں تھا تو پریس کانفرنس کیوں کی۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ : عوام کو اربوں کا چونا، نیب کا نوٹس، زلفی بخاری مستعفیٰ

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر سے کہا کہ آپ نے رنگ روڈ پر پریس کانفرنس کرکے اچھا نہیں کیا۔ رنگ روڈ کے معاملے پر وسیع پیمانے پر تحقیقات ہوں گی، رنگ روڈ اسکینڈل میں جو بھی ملوث ہوا رعایت نہیں دوں گا۔

وزیر اعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملے کو مزید مؤثر بنانے کا حکم دیا، کہا کہ اوورسیز پاکستانی اصل سرمایہ ہیں ان کیلئے مزید سہولتیں بڑھائیں گے، ملک بھر میں موجود سفارت خانے اوورسیز کو سہولتیں فراہم کریں۔ تحقیقات کے دوران سفارت خانوں سے کئی باتیں سامنے آئیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرغلام سرور نے پنجاب حکومت کے رنگ روڈ انکوائری کیلئے جاری ٹی او آرز پر اعتراض کیا جس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ انکوائری آپ کے خلاف نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں