جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبر

10 جوانوں کی شہادت پر وزیراعظم، بلاول بھٹو، وزرائے اعلیٰ کا اظہار افسوس

10 جوانوں

اسلام آباد : وزیراعظم، بلاول بھٹو، وزرائے اعلیٰ نے کیچ میں پاک فوج کے 10 جوانوں کی شہادت پر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے علاقے کیچ میں پاک فوج کے 10 جوانوں کی شہادت پر گہرے غم و رنج کا اظہار کیا اور شہداءکے واحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جوانوں کے خون کا ایک ایک قطرہ ملک کے تحفظ کا ضامن ہے۔ بزدل دشمن کا ایک مظبوط قوم سے سامنا ہے،جس نے پہلے بھی دہشتگردی کو شکست دی ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے سپاہیوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے شہید سپاہی قوم کے ہیرو ہیں۔ ملک دشمن عناصر بلوچستان کا امن سبوتاژ کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل تعریف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، دہشتگرد صدام ہلاک

وزیراعلئ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی مذمت، اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم اور شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء قوم کے ہیرو ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی فورس کو بھرپور جوابی کارروائی پر خراج تحسین بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کے خلاف کی جانے والی مذموم سازشوں کو بھرپور قوت سے ناکام بنایا جائے گا۔ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کاوشوں سے بلوچستان میں جلد امن قائم ہو گا،

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پوری قوم متحد اور اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔ بلوچستان کے محب وطن غیور اور امن پسند عوام دہشت گردی کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کی خاطر پاک فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ قوم کو پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔

متعلقہ خبریں