بشکیک: وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات

بشکیک: وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے،  جس میں دوطرفہ تعلقات اور سی پیک پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق کرغزستان کے شہر بشکیک میں ہونے والی اس اہم ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

چینی صدر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کوسراہا، چینی صدر سے ملاقات سے قبل وزیراعظم کی کرغز صدر سوورن شریپووچ جینبکوف سے ملاقات بھی ہوئی۔

 وزیراعظم نے کرغز صدر کو شنگھائی تعاون سربراہی اجلاس کی میزبانی پر مبارکباد دی، کرغز صدر نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ باہمی تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی تعاون کے شعبوں کو وسیع کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان زمینی اور فضائی رابطوں کو مضبوط بنانے اور مشترکہ وزارتی کمیشن بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، دو طرفہ سیاسی مشاورت اور دونوں ممالک کا لوگوں کے باہمی رابطے بڑھانے پر اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ ویزہ کے ذریعے سیاحتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کرغز صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ ممالک کا گروپ فوٹوسیشن بھی ہوا۔ گروپ فوٹو میں وزیراعظم عمران خان روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ہمراہ کھڑے ہوئے۔