لاہور: اسد عمر کا کہنا ہے کہ فواد چودھری کو سچ بولنے پر گرفتار کیا گیا، عدالت میں آج کی پیش رفت اچھی رہی، فواد چودھری کو کل ضمانت مل جائے گی۔
رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں صرف 3 ہفتے کے زرمبادلہ ذخائر بچے ہیں، ملک میں ہزاروں کاروبار بند اور مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں، 98 میں جب یہ نوبت آئی تھی تب بھی (ن) لیگ کی حکومت تھی، مصنوعی نمبرز دکھانے کے لیے معیشت کھائی میں گرادی گئی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ عوام کو ملکی صورتحال پر جواب کون دے گا، بجلی، پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہورہا ہے، پاکستان پر سیاسی انتشار کے ذریعے بدترین بحران نازل کیا گیا، اگر 90 دن میں جان بوجھ کر انتخابات نہ کرائے تو آرٹیکل 6 لگے گا، رجیم چینج کی سازش سے ملک میں بحران پیدا ہوا، چلتے ہوئے جمہوری عمل میں بگاڑ پیدا کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کو دھمکانے کا کیس : فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
ان کا کہنا تھا کہ 71 میں عوامی مینڈیٹ دبانے سے ملک دولخت ہوا، 71 کے بعد سے پاکستان میں اتنے برے حالات نہیں ہوئے، آئی ایم ایف سے جو معاہدہ ہوگا ناجانے کیا کیا مہنگا کریں گے۔
اسد عمر نے پریس کانفرنس کے دوران فواد چودھری کو "لو یو "کہہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کو سچ بولنے پر گرفتار کیا گیا، عدالت میں آج کی پیش رفت اچھی رہی، فواد چودھری کو کل ضمانت مل جائے گی۔