تحریک انصاف کا مریم نواز کو پارٹی نائب صدر بنانے پر عدالت جانے کا فیصلہ

اسلام آباد: تحریک انصاف، مریم نواز کے خلاف میدان میں آگئی، شاہ محمود نے کہا کہ مریم نواز کیسے نائب صدر بن گئی۔

تحریک انصاف نے مریم نواز کو پارٹی کا نائب صدر بنانے کو بذریعہ رٹ پٹیشن عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے کے معاملے کو ہر سطح اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ عدالت سے سزا یافتہ مریم نواز کو مسلم لیگ ن کا نائب صدر  کیسے بنایا جاسکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مریم نواز بھی سزا یافتہ ہیں، انہیں پارٹی عہدہ نہیں دیا جاسکتا ہے، مریم نواز کو ریفرنس کیس میں سزا معطلی کا عارضی ریلیف ملا ہے، سزا ختم نہیں ہوئی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مریم نواز کے پارٹی عہدہ کے معاملے پر پارٹی رہنماؤں اور وکلا سے مشاورت شروع کردی ہے، مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔