ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی لسانی فسادات کروانا چاہتے ہیں : اسماعیل راہو

لسانی فسادات

کراچی : اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کراچی میں ایک بار پھر لسانی فسادات کروانا چاہتے ہیں۔ خان صاحب شاید بھول گئے کہ نفیس لوگوں نے کس نفاست کے ساتھ، ان کی کراچی میں انٹری بند کر دی تھی۔

پیپلز پارٹی رہنماء اور صوبائی وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کراچی میں ایک بار پھر لسانی نفرت پھیلا کر فسادات کروانا چاہتے ہیں۔ سندھ کو تقسیم کی بات کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آرٹیکل 140، کراچی پر قبضہ قرار، کوشش ہوئی تو حکومت کو گھر جانا پڑے گا : بلاول بھٹو

اسماعیل راہو نے کہا کہ تین دہائیوں سے زائد کراچی پر شہنشاہیت کرنے والوں نے، شہر قائد کو بدامنی، قتل، دہشت اور لوٹ مار کی آگ میں جھونک دیا تھا۔ کراچی کو تباہ و برباد کسی اور نے نہیں، انہوں نے کیا جن کے پاس یہ شہر پچھلے 35 سال سے یرغمال رہا ہے۔

صوبائی وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی، (ن) لیگ اور سیکیورٹی اداروں نے ملکر کراچی کی روشنیوں کو بحال کیا۔ خان صاحب شاید بھول گئے کہ نفیس لوگوں نے کس نفاست کے ساتھ، ان کی کراچی میں انٹری بند کر دی تھی۔ فروغ نسیم اپنے متحدہ قائد کی جگہ لینا چاہتے ہیں، اس کے سچے ساتھی ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ کہاں گئے وہ سندھ کی سیاست کے دعویدار نام نہاد شیر اور سورمے؟ جو اس وقت بھی دھرتی ماں کو توڑنے والوں کی بغل میں بیٹھے ہوئے ہیں۔