ملتان: پولیس نے الیکشن کمیشن میں ہنگامہ آرائی کے الزام میں پی ٹی آئی کے رہنما عامر ڈوگر کے ڈیرے پر چھاپہ مار کر 10 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
ملتان میں آج کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنان میں جھگڑا ہوگیا جس کے بعد الیکشن کمیشن کا آفس میدان جنگ بن گیا تھا۔
پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں پی ٹی آئی کے رہنما عامر ڈوگر کے ڈیرے پر چھاپہ مار کر 10 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
سٹی پولیس افسر رانا منصور کے مطابق حراست میں لیے گئے کارکنوں پر الیکشن کمیشن میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست کے بعد سی سی ٹی وی کی مدد سے مزید ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا جیل بھرو تحریک کے حوالے سے اہم فیصلہ
پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے بھی کارکنوں کے ہمراہ گرفتاری دینے پر اصرار کیا اور کہا کہ کارکنوں کو حراست میں لیا ہے تو میں بھی آپ کے ساتھ چلوں گا۔
دوسری جانب پولیس نے ملک عامر ڈوگر کی گرفتاری کی تردید کی اور کہا کہ ملک عامر ڈوگر کو گرفتار نہیں کیا گیا، ملک عامر ڈوگر خود کارکنوں کے ساتھ گرفتاری دینے آئے ہیں۔