لاہور : عدالت نے مینار پاکستان جلسے سے متعلق اسٹیک ہولڈر سے انتظامی اور سیکورٹی معاملات کا جائزہ لے کر کل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے مینار پاکستان میں 26 مارچ کو ہونے والے جلسے کی اجازت کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس راحیل کامران شیخ نے صدر تحریک انصاف لاہور امتیاز محمود شیخ کی درخواست پر سماعت کی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافیہ حیدر عدالت میں پیش ہوئیں۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 22 مارچ کو مینار پاکستان میں پی ٹی آئی اے کے جلسے کے لئے درخواست دی، لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔ اب جلسہ ری شیڈول کرکے 26 مارچ کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان پر پابندی کی کوشش ہوئی تو ایسا ردعمل آئے گا، سوچ نہیں سکتے : فواد چوہدری
درخواست کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے ابھی تک جلسے کے لئے این او سی جاری نہیں کیا۔ عدالت 26 مارچ کو پی ٹی آئی کے جلسے کے لئے این او سی جاری کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو آج ہی زیر التواء درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے، اسٹیک ہولڈر سے انتظامی اور سیکورٹی معاملات کا جائزہ لے کر کل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اور سی سی پی او کو بھی کل طلب کرلیا۔