جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتوں میں مہنگائی کرکے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی : عمران خان

کٹھ پتلیوں نے

اسلام آباد : عمران خان نے پارٹی کو مہنگائی کے معاملے کو اٹھانے کی ہدایت کردی، ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتوں میں مہنگائی کی صورت میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی۔

چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مہنگائی کے عوام پر اثرات۔ اسلام آباد میں مہنگائی جلسے کے انعقاد اور حکومتی اتحادیوں کی قومی اسمبلی میں تقاریر کے متن کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چوروں نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو بدترین مہنگائی کی اذیت ناک تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے۔ نکمے، نااہل، بد دیانت اور بد نام گروہ نے اپنی چوری بچانے کے لئے بغیر تیاری اقتدار پر قبضے کی سازش کی۔

یہ بھی پڑھیں : ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے نہیں لڑنا، اکتوبر میں انتخابات ہو جائیں گے : شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں تحریک انصاف کو اقتدار ملا تو معیشت دیوالیہ پن کے کنارے کھڑی تھی۔ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط، کمزور معیشت اور کورونا وباء کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت نے عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتوں میں مہنگائی کی صورت میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی۔ ان "تجربہ کار” چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ متنبہ کیا تھا کہ نہایت محنت سے کھڑی کی گئی معیشت سیاسی عدمِ استحکام کا بوجھ برداشت نہیں کر پائے گی۔ 2 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کے ساتھ مل کر ملک اور عوام کے خلاف شرمناک سازش پر تاریخی احتجاج کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا پاکستان کو مزید دلدل میں گرنے سے بچانے کے لئے واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں۔

متعلقہ خبریں