جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

عزیر بلوچ سے ملاقاتوں کا اعتراف، واٹر بورڈ میئر کراچی کے حوالے کریں گے : قادر پٹیل

عزیر بلوچ سے

کراچی : قادر پٹیل نے کہا ہے کہ عزیر بلوچ سے ملتا رہا ہوں، پیپلز پارٹی واٹر بورڈ میئر کراچی کے حوالے کرنے والی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی قادر پٹیل نے جی ٹی وی کے پروگرام سات سے آٹھ میں میزبان ثناء ہاشمی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نااہلی کھل کر بیان کر رہا ہوں اور عوام کے سامنے لاتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی 2016 میں جمع ہوچکی تھی، اسی تناظر میں کیسز بھی چلے، بہت سارے کیسز اب بھی چل رہے ہیں۔ بقول علی زیدی کاغذ کا پلندہ کوئی ان کے گھر دے کر گیا، ایک کاپی پیسٹ شدہ کاغذ کو علی زیدی پارلیمنٹ میں لہراتے رہے اور ٹائپ شدہ جے آئی ٹی میں سب کے نام ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حبیب جان نے پیپلز پارٹی پر 5 کروڑ روپے دینے کا الزام لگایا، اگر الزام لگایا جارہا ہے تو کوئی ثبوت بھی ہوں گے؟ حبیب جان کو میٹنگ کے بارے میں کچھ پتہ ہی نہیں ہے۔ بزرگ کمیٹی سے میٹنگ میں سعید غنی اور میں موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں : علی زیدی نے عزیر بلوچ کے ساتھی حبیب جان کی ویڈیو جاری کردی

قادر پٹیل نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر منظم اور منتشر ہوتے رہتے ہیں، کچھ تصاویر کی بنیاد پر کہا جاتا ہے آپ ان لوگوں سے ملتے تھے، لیاری ایک چھوٹا سا علاقہ ہے، تقریبات میں میل جول ہوتا ہے۔

پی پی رہنماء کا کہنا تھا کہ امن کمیٹی کا قیام اور عروج مشرف دور میں ہوا اور اسی دوران رحمان ڈکیت اور ارشد پپو گینگ کا مقابلہ ہوتا رہا، لیاری میں روزانہ لوگ مرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ سے ملاقات کرتا رہا ہوں، رحمان ڈکیت سے زندگی میں کبھی نہیں ملا، پیپلز پارٹی نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی، کراچی میں امن کے لیے ایم کیو ایم کو حکومت میں لائے،

اپنی زندگی میں نثار مورائی کو صرف ایک بار دیکھا ہے، نثار مورائی سے ملاقات ان کے گھر پر ہوئی تھی۔ نثار مورائی کی جے آئی ٹی میں نے نہیں پڑھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں پانی کی کمی ہے، کراچی کی آبادی بے انتہا بڑھ گئی ہے، کراچی منی پاکستان ہے، ہم کہتے رہے سندھی مہمان نواز ہیں، کراچی ساڑھے 3 کروڑ آبادی کا شہر بن گیا، سندھ کے مسائل بڑھ گئے ہیں، وفاق نے کے فور کے فنڈز نہیں دیئے، سندھ کا این ایف سی روکے رکھا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہپیپلز پارٹی نے 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو متحد کیا ہے، 18ویں ترمیم پر آج بھی بہت سارے لوگوں کو جلن ہوتی ہے، آج یہ وقت آگیا ہماری ٹیم افغانستان ایئرلائن میں گئی ہے۔

قادر پٹیل نے مزید کہا کہ صرف سندھ کو نشانہ نہ بنایا جائے، ایسا نہیں ہوگا کہ کھاؤ بھی یہاں کا اور بدنام بھی اسی کو کرو، ہم نے میئر کراچی کو اختیارات دے رکھیں ہیں، وہ لندن کے میئر کے اختیارات مانگ رہے ہیں، پیپلز پارٹی واٹر بورڈ میئر کراچی کے حوالے کرنے والی ہے۔

متعلقہ خبریں