جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

بارش نے لاہور کو ڈبو دیا، کہاں ہے بزدار اور اس کی کابینہ کی فوج ظفر موج؟ حسن مرتضیٰ

کہاں ہے بزدار

لاہور : حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ کچھ دیر کی بارش نے لاہور کو ڈبو دیا، حکومت غائب ہو گئی، کہاں ہے بزدار اور کہاں ہے اس کی کابینہ کی فوج ظفر موج؟

پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب حسن مرتضیٰ بارش کے بعد لاہور میں نکل پڑے، حسن مرتضیٰ نے پانی میں ڈوبی گلیوں، سڑکوں اور چوراہوں کا دورہ کیا، اس دوران پانی میں پھنسے رکشوں کو دھکے لگواتے رہے اور پریشان شہریوں کی مدد کرتے رہے۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ کچھ دیر کی بارش نے لاہور کو ڈبو دیا، حکومت غائب ہو گئی، پاکستان کے دل لاہور کی ہر سڑک ہر گلی ڈوبی ہوئی ہے، ٹوئٹر حکومت کو یاد دلا دوں کہ لاہور سندھ میں نہیں پنجاب کا دارالحکومت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں تین روز سے جاری بارشوں میں 9 افراد جاں بحق ہوئے : پی ڈی ایم اے

انہوں نے کہا کہ لوگ سڑکوں پر پانی میں ڈوبی گاڑیاں گھسیٹ رہے ہیں اور حکومت سو رہی ہے، کہاں ہے بزدار اور کہاں ہے اس کی کابینہ کی فوج ظفر موج؟ جس سڑک پر نکلو پانی کھڑا ہے اور کچرا پڑا ہے۔ جو کچرا اور غلاظت حکمرانوں کے ذہنوں میں ہے وہ سڑکوں پر بھی نظر آنے لگ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا سے بھی گزارش ہے کہ لاہور کا حال دکھائے، کیا پنجاب کیا لاہور کے عوام کے مسائل مسائل نہیں ہیں؟

متعلقہ خبریں