جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

مہنگائی بڑھانا ن لیگ کی روایت اور اس کے منشور کے خلاف ہے: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب

اسلام آباد: مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے اس لیے پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھا رہے، مہنگائی بڑھانا ن لیگ کی قیادت کی روایت اور اس کے منشور کے خلاف ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں ہمیشہ مہنگائی اور کرپشن کم ہوئی ہے۔ نوازشریف، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دیا ہے، عمران صاحب کے معاشی جرائم کی سزا پاکستان کے عوام کو نہیں دینا چاہتے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھانا آسان ہے لیکن ہم عوام کو مزید تکلیف سے بچانا چاہتے ہیں، عوام پر مزید بوجھ نہ پڑے اس لیے پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھا رہے، عمران صاحب کو اپنے معاشی جرائم کا بوجھ اٹھانا اور جواب دینا پڑے گا، مہنگائی بڑھانا ن لیگ کی قیادت کی روایت اور اس کے منشور کے خلاف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے دہشت گردی ختم کی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، مہنگائی کم کی، مہنگا آٹا، مہنگی گیس، مہنگی بجلی، مہنگی دوائی کا حساب عمران صاحب کو دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف دور میں ڈالر 116 روپے تھا، عمران صاحب نے 189 روپے پر پہنچا دیا، عمران صاحب نے ساڑھے 3 سال میں 42 ہزار 745 ارب قومی قرض بڑھادیا۔

متعلقہ خبریں