جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبریں

فواد چوہدری کا راہداری ریمانڈ منظور، آج ہی اسلام آباد کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم

چوہدری کا راہداری

فواد چوہدری کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ پولیس نے سخت سیکیورٹی میں پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما کو ہتھکڑیاں لگا کر لاہور کی عدالت میں پیش کیا۔

لاہور کی کینٹ کچہری عدالت میں پولیس نے سخت سیکیورٹی میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فواد چوہدری کو کو پیش کیا، فواد چوہدری کو ہتھکڑیاں لگائی گئی تھیں۔

دوران سماعت پراسیکیوشن نے کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ کوہسار پولیس نے درج کیا ہے۔ اس لیے ملزم کی اسلام آباد منتقلی کیلئے راہداری ریمانڈ ضروری ہے۔

فواد چوہدری کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد کا 4 گھنٹے کا راستہ ہے، راہداری ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے؟ سفری ریمانڈ نہیں بنتا، ان کی ہتھکڑی بھی کھولی جائیں، دونوں ہاتھوں کی بجائے ایک ہاتھ پر ہتھکڑی لگائیں۔ وکیل کے دلائل پر عدالت نے کہا کہ آپ فضول باتوں میں وقت ضائع کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہمت ہے تو عمران خان کو گرفتار کریں، ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھیں : فواد چوہدری

عدالت نے فواد چوہدری کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ان کا سروسز اسپتال سے میڈیکل کرانے کی بھی ہدایت کی۔

عدالت نے حکم دیا کہ میڈیکل کے بعد فواد چوہدری کو آج ہی اسلام آباد عدالت میں پیش کیا جائے، جس کے بعد لاہور پولیس حکام پی ٹی آئی رہنماء کو لے کر عدالت سے روانہ ہو گئی۔

سروسز اسپتال میں فواد چوہدری نے کہا کہ ہتھکڑیاں ہمارا زیور ہے۔ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔ ہم آزمائشوں پر پورا اتریں گے۔

پی ٹی آئی رہنماء پر درج مقدمے کے متن میں الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور دھمکیاں دیں۔

فواد چوہدری کی اسلام آباد منتقلی کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں پولیس ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔

متعلقہ خبریں