اسلام آباد : شاہ محمود قریشی کی تھانہ کھنہ میں درج دو مقدمات میں عبوری ضمانت دس اپریل تک منظور کرلی گئی ہے۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کی عدالت میں پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی رہنماء نے کار سرکار میں مداخلت، جلاؤ گھیراؤ اور احتجاج پر تھانہ کھنہ میں درج دو مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : میری بیوی گھر پر اکیلی تھی، شیشے ٹوٹنے پر چیخیں ماریں : عمران خان کا عدالت میں بیان
فاضل جج نے استفسار کیا کہ ایف آئی آرز میں کیا الزام لگایا گیا ہے۔ وکیل نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کی ایماء اور سازش پر احتجاج ہوا، جس پر جج نے استفسار کیا کہ اس سازش کا گواہ کون ہے؟ دیکھ لیتے ہیں کس نے سازش کی اور کس نے حکم دیا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ کوئی لمبی تاریخ دے دیں، کیسز کافی ہو چکے ہیں۔ جج کا کہنا تھا کہ کیسز تو واقعی کافی ہو گئے، ہمارے پاس سینکڑوں کیس تو صرف ضمانتوں کے ہو گئے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے شاہ محمود قریشی کی دس اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی۔