جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

سابق دور میں عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر دھوکہ دیا گیا : وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ نعروں پر نہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ سابق دور میں صوبے کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر دھوکہ دیا گیا۔ پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دور کرکے ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ نعروں پر نہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے، اسے عبادت سمجھ کر نبھارہے ہیں۔ سابق دور میں صوبے کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر دھوکہ دیا گیا۔ صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل سے پہلو تہی کی گئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورتیں پوری کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ ترقی اور خوشحالی پنجاب کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دور کرکے ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں کوئی علاقہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا۔ حکومت نے ترقی کا سفر پسماندہ علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے۔

ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء شوکت علی لالیکا، محمد جہانزیب خان کھچی، اراکین پنجاب اسمبلی محمد اعجاز حسین، رائے ظہور احمد، محمد علی رضا خان خاکوانی، فردوس رہنا، شمیم آفتاب اور دیگر شامل تھے۔

رکن پنجاب اسمبلی و چیف وہیب سید عباس علی شاہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری کو آرڈینیشن وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں