جی ٹی وی نیٹ ورک
دنیا

سوڈان کے سابق وزیراعظم صادق المہدی کا کورونا وائرس سے انتقال

صادق المہدی

سوڈان کے سابق وزیراعظم اور حزب اختلاف کے رہنما صادق المہدی کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق اعتدال پسند اسلامی امت پارٹی کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق کردی گئی۔

پارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ سوڈان میں جمہوری طور پر منتخب ہونے والے آخری 84 سالہ وزیر اعظم جمعرات کے روز انتقال کر گئے۔

فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق انہیں تین ہفتے قبل مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

ان کی پارٹی کے مطابق کووڈ 19 میں مبتلا ہونے کے بعد انہیں علاج کے لیے متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ صادق المہدی کے اہل خانہ نے کہا تھا کہ انہیں کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ایک بیان میں ان کی پارٹی نے کہا کہ صادق المہدی کو جمعہ کی صبح سوڈان کے شہر اودمرمن میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

ترکی کا اگلے سال تک کورونا وائرس کی ویکسین لانے کا اعلان

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ‘ہم ان کی وفات پر سوڈانی عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں’۔

حکومت نے سابق وزیر اعظم کے لیے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ سوڈان میں 17 ہزار کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 12 سو افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

حال ہی میں برطرف کیے جانے والے صدر عمر البشیر نے 1989 میں صادق المہدی کی حکومت کا تختہ پلٹ دیا تھا۔

جس کے بعد اپریل 2019 میں سوڈان کی فوج نے ملک میں جاری مظاہروں کے باعث 30 سال سے زیر اقتدار صدر عمر البشیر کو برطرف کرنے کے بعد گرفتار کرلیا تھا۔

یاد رہے کہ صادق المہدی 1966 سے 1967 تک سوڈان کے وزیراعظم رہے تھے جس کے بعد 1986 میں ایک مرتبہ پھر وزیراعظم منتخب ہوئے اور 1989 کو ان کی حکومت کو لپیٹ لیا گیا جس کے بعد ملک میں انتخابی عمل رک گیا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس ایک مرتبہ پھر اپنی جڑیں مضبوط کرچکا ہے۔

متعلقہ خبریں