جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

سعید غنی کا مولانا عادل کے قتل کی تفتیش میں شیخ رشید کو شامل کرنے کا مطالبہ

سعید

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے شیخ رشید کو مولانا عادل قتل کیس میں شامل تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا مولانا ڈاکٹر عادل کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے اور اس کی ہر زاویے سے تفتیش ہو رہی ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا سندھ حکومت پر تنقید ہو رہی ہے کہ مولانا عادل کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی لیکن یہ بتانا چاہتا ہوں کہ عدالت کی تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کی وجہ سے ہمارے لیے بہت مشکلات ہیں، وزیراعلیٰ سندھ بھی کسی کو سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا مولانا عادل نے خود سیکیورٹی کے لیے نہیں کہا تھا، ان کے بیٹے نے سیکیورٹی کے لیے کہا تھا جس پر ہم کام کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل قاتلانہ حملے میں ڈرائیور سمیت جاں بحق

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ یہ بھی بتا دوں کہ ایک اور مولانا صاحب نے سیکیورٹی کے لیے کہا ہے لیکن 8 ماہ ہونے کے باوجود ہم انہیں سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکے کیونکہ تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی میں مختلف اداروں کے لوگ ہیں، ایک کہتا ہے سیکیورٹی دے دو تو دوسرا کہتا ہے نہ دو۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کے بیان کے بعد مولانا عادل پر حملہ ہوا، مطالبہ کرتے ہیں کہ مولانا عادل قتل کیس میں شیخ رشید کو بھی شامل تفتیش کیا جائے اور معلوم کیا جائے کہ ان کے پاس کون سے ذرائع سے معلومات آتی ہیں۔

یاد رہے کہ تین روز قبل کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں مولانا عادل اور ان کے ڈرائیور کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں