جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

سلیکٹڈ حکومت نے یک جنبش قلم 749 خاندانوں کے چولہے بجھا دیئے : بلاول بھٹو

یک جنبش قلم 749

اسلام آباد : بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے یک جنبش قلم ریڈیو پاکستان سے تعلق رکھنے والے 749 خاندانوں کے چولہے بجھا دیئے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کرنی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے یک جنبش قلم 749 خاندانوں کے چولہے بجھا دیئے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا نعرہ لگانے والا نالائق اعظم لاکھوں پاکستانیوں کو بیروزگار کر چکا۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین سے پہلے پی ٹی ڈی سی کے 450 ملازمین کو فارغ کیا گیا۔ اسٹیل ملز کے 9 ہزار سے زائد ملازمین کا روزگار بھی سلیکٹڈ حکمرانوں کی آنکھ میں کھٹکتا ہے۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتیں بھی وفاقی حکومت سے کم نہیں، آئے روز چھانٹیاں کرتی رہتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت ہی بلاجواز ملازمین فارغ کرنے لگے، تو نجی سیکٹر میں ملازمین کی نوکریوں کا کیا ہوگا۔ کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت اور سلیکٹڈ وزیراعظم کی وجہ سے ملکی معیشت کی حالت دگرگوں ہے۔ ایسے مشکل حالات میں ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے والے آئی ایم ایف کے وفادار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد : ریڈیو پاکستان سے برطرفی کے خلاف احتجاج کرنے والے 15 مظاہرین گرفتار

پی پی چیئرمین نے کہا کہ نااہل و نالائق حکمران عوام کے ذریعہ معاش کے لیئے سونامی بن کر آئے ہیں۔ مثالیں ریاستِ مدینا کی دیتے ہیں، لیکن ان کے کام مسولینی اور ہٹلرسے بھی بدتر ہیں۔ جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی ہے، عوام اچھی خبر سننے کو ترس گئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس ہو تو شہری سہم جاتے ہیں، وزیراعظم نوٹس لے تو ملک میں خوف کی لہر دوڑ جاتی ہے۔ زبان زدِ عام ہے،

موجودہ وفاقی کابینہ کا کام فقط بجلی، گیس، تیل کی قیمتیں بڑھانا اور بیروزگار کرنا ہے۔ اگر حکومت کو خراب کارکردگی والا ایک ملازم برداشت نہیں، تو قوم ایک نالائق وزیراعظم کو کیوں جھیلے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ریڈیو پاکستان کے ملازمین سمیت مختلف اداروں سے بلاجواز برطرف کیئے گئے ملازمین کے ساتھ ہے۔ پیپلز پارٹی ہر فورم پر نوکریوں سے نکالے گئے سرکاری ملازمین کا آواز بنے گی۔ نالائق حکمرانوں کو گھر جانے کا وقت قریب ہے، آئںدہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آئے گی، پاکستان میں روزگار اور خوشحالی لائے گی۔ تمام برطرف ملازمین کو فوری بحال کیا جائے۔

متعلقہ خبریں