جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

شہباز شریف کا ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ

ملک بھر میں لاک ڈاؤن

لاہور : شہباز شریف نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا اور اشیائے ضروریہ شہریوں تک پہنچانے کا پلان بھی دے دیا ہے۔

جاری بیان میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کا معاشی پیکیج ناکافی اور نامکمل ہے، اپوزیشن کی جامع تجاویز کو ریلیف پیکج میں شامل کیا جائے، اشیائے ضروریہ کی ترسیل کیلئے این ایل سی، ڈاک خانے اور ریلوے فریٹ کو استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا پارلیمانی کمیٹی کو پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی کا درجہ دے کر مستقل حیثیت دی جائے، اس وقت حکومتی سطح پر ایک ذرا سی غلطی کی قیمت پاکستانیوں کی قیمتی جان ہے، قومی بقاء اور سلامتی کا معاملہ ہے، عقل کل ہونے کے خبط سے سب کو باہر آنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : معیشت کی تباہی کورونا سے بھی بڑا خطرہ ہے: شہباز شریف

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کاندھے سے کاندھا ملا کر مشاورت سے بہترین حل ڈھونڈ کر آگے بڑھا جائے، نیشنل ایکشن پلان اور اپوزیشن کی نمائندگی کی حامل نیشنل ٹاسک فورس بنائی جائے، سندھ حکومت کا چارٹر آف ڈیمانڈز وفاق کو بھجوایا جائے، وفاق اس پر فوری عمل کرے، مشترکہ مفادات کونسل کا روزانہ کی بنیاد پر اجلاس بلایا جائے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے لوکل گورنمنٹ پنجاب کو فی الفور بحال کرنے اور ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  طبی اور معاشی مینجمنٹ یقینی بنا کر پالیسی ریٹ کم ازکم 4 فیصد کم کیا جائے، معیشت کے یکساں بڑے خطرے کو بھی ذہن میں رکھا جائے، حکومت غصے اور ردعمل کے بجائے حالات کا تدبر، دانائی اور ہمت و حوصلے سے مقابلہ کرے۔

متعلقہ خبریں