جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

شہباز شریف کا مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا مطالبہ

روزانہ کی بنیاد

لاہور : شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا مطالبہ کردیا  ہے۔

جاری بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالات کا تقاضا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز، طبی عملے اور صوبوں کو حفاظتی لباس، دیگر ضروری سامان کی ہنگامی بنیادوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو دن میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں یکدم اضافہ شدید پریشانی کا باعث ہے۔ کورونا مریضوں کی تعداد سینکڑوں سے ہزاروں میں تبدیل ہونا سنگین صورتحال کا اعلان ہے۔جب تک حکومت کورونا کے ”ٹرینڈ“ کو سمجھے گی، بہت دیر ہوچکی ہوگی۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ صوبوں کو نظرانداز کیاجانا مجرمانہ عمل اور بے حسی کی انتہا ہے۔ صوبوں کو وسائل کی فراہمی اور ان کی تقسیم کے طریقہ کار پر تاحال وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حالتِ جنگ میں فردوس باجی سیاست کی بجائے اپنے کام پر توجہ دیں : رانا ثناء اللہ

شہباز شریف نے کہا کہ فروری میں اسلام آباد سمیت تمام صوبوں نے حفاظتی لباس مانگا تھا لیکن وزیراعظم نے انکار کردیا۔افسوس وزیراعظم اور ان کی ٹیم اب تک یہ بنیادی کام بھی نہیں کرپائی۔ فروری میں صوبوں، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان حکومت کو 2.5 ارب روپے مل جاتے تو حالات آج اتنے خراب نہ ہوتے۔صوبے دہائی دیتے رہ گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ نے ضروری اشیاء کی منظوری نہ دے کر مجرمانہ غفلت کی۔ لاک ڈاؤن اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں۔

متعلقہ خبریں