جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

شہباز شریف نے میری بات چیت لیک کرکے ثابت کردیا کہ وہ مراسلہ حقیقت ہے: عمران خان

عمران خان

مظفر آباد: عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے میری میرے پرنسپل سیکریٹری سے بات چیت لیک کردی، آپ نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ مراسلہ حقیقت ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے ہندوستان سے تعلقات ختم کر دیے، ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم کبھی کشمیریوں کی قربانیوں پر سمجھوتہ نہیں کرینگے، جب سے یہ امپورٹڈ حکومت مسلط ہوئی ہے، یہ ایجنڈے پر چل رہی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف تمہارا خاص شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، آپ نے میری میرے پرنسپل سیکریٹری سے بات چیت لیک کردی، آپ نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ مراسلہ حقیقت ہے، ہمارے ایمبیسڈر اور امریکی سفیر کی گفتگو کا مراسلہ ہے، وہ کہتا ہے عمران خان کو نہیں ہٹایا تو پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑے گا، پھر اس کے بعد ہمارے لوگ لوٹے ہونے شروع ہوجاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نامور چور ملک پر مسلط ہیں، حقیقی آزادی کیلئے سیاست نہیں جہاد کرنا ہوگا: عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہندوستان سے تجارت بند کی ہوئی ہے، پتہ چلا مریم نے داماد کیلئے ہندوستان سے مشینری امپورٹ کی، یہ چھپ چھپ کر ان کے ساتھ خفیہ تعلقات بنا رہے ہیں، انہیں کشمیریوں کی قربانیاں نہیں پیسہ عزیز ہے، ہم ان چوروں کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیکس اکٹھا کیا، میں اپنی قوم کو کال دینے والا ہوں، جب میں کال دوں گا تو آپ نے حقیقی آزادی کیلئے نکلنا ہے۔

متعلقہ خبریں