جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

شہباز شریف کی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ ختم کرنے کی مخالفت

ملازمین کی تنخواہوں

لاہور : شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ ختم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کے خلاف ظالمانہ اقدامات برداشت نہیں کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ ختم کرنا ظلم کی انتہاء ہے۔ جب وزیراعظم کا دو لاکھ میں گزارا نہیں تو سرکاری ملازم چند ہزار میں کیسے گزارا کرے؟

انہوں نے کہا کہ حکومت پورے پاکستان کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کرچکی ہے۔ سرکاری ملازمین اور عوام کے خلاف حکومت ظالمانہ اقدامات واپس لے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ سندھ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا

ان کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ یہ عوام کی نہیں آئی ایم ایف کی غلام حکومت ہے، عوام پر ظلم ڈھانے والوں نے کہا تھا کہ خود کشی کرلیں گے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے۔آئی ایم ایف کی شرائط قوم کے گلے کا پھندا بن چکی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت سرکاری ملازمین سمیت معاشرے کے ہر طبقے کے لئے بری خبر ہے۔ سرکاری ملازمین کے خلاف ظالمانہ اقدامات برداشت نہیں کریں گے۔ سرکاری ملازمین اور عوام کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے، ظالم حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

متعلقہ خبریں