جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

شہبازشریف نے الیکڑانک ووٹنگ کی حکومتی تجویز مسترد کردی

شہباز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے الیکڑانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی حکومتی تجویز مسترد کردی، کہا کہ الیکڑانک ووٹنگ کا نظام دنیا نے قبول نہیں کیا۔

قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے نظام کو پاکستانی الیکشن کمشن بھی ناقابل عمل قرار دے چکا ہے، محض فرد واحد کی خواہش یا حکم پر ایسے اہم قومی کام انجام نہیں پاتے۔

شہباز شریف نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کاحساس کام پوری قوم کی منشاءاور اعتماد سے ہوتا ہے۔ عوام کی امنگوں اور اعتماد کا مظہر و محور پارلیمان ہے جسے تین سال سے تالا لگایا ہوا ہے۔ انتخابی اصلاحات تمام فریقین کی مشاورت، عوام کی رائے کی روشنی اور اتفاق رائے سے ممکن ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مفتاح اسماعیل کے ووٹوں کی برتری کیسے کم ہوئی، پورے پاکستان نے دیکھا : شہباز شریف

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے 2018 میں پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے تاریخی انتخابی اصلاحات کی تھیں جن پر کسی کو اعتراض نہیں تھا۔ سب کے اتفاق رائے کا مظہراور دستخط شدہ انتخابی اصلاحات کی وہ تاریخی دستاویز آج بھی موجود ہے۔ جس وقت اپوزیشن مثبت تجاویز اور میثاق معیشت کی بات کررہی تھی تو این آر او ، این آر او کا شور وغل مچاکر ان کی توہین کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات ہم کرسکتے ہیں جن میں سیاسی مخالفین کو بھی ساتھ لے کر چلنے اور ان کی تجاویز کو اپنانے کا صبر اور حوصلہ ہے۔ ملک کی ساکھ انصاف، شفافیت اور قانون کی حکمرانی سے بہتر ہوتی ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے نہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت الیکڑانک ووٹنگ کے بجائے تباہ و برباد معیشت، آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی، بے روزگاری اورمرتی عوام کی فکر کرے۔

متعلقہ خبریں