شہباز شریف نے ملکی و سیاسی معاملات کیلئے اہم رہنماؤں کو لندن طلب کرلیا

شہباز شریف

لندن: شہباز شریف نے اہم ملکی اور سیاسی معاملات پر اعلی سطح کی مشاورت کیلئے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو لندن طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے اہم ملکی اور سیاسی معاملات پر مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال، ترجمان مریم اورنگزیب، قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف، رانا تنویر اور سابق سپیکر سردار ایاز صادق کو بھی لندن بلا لیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کی بیٹھک میں اہم ملکی اور سیاسی معاملات پر اعلی سطح کی مشاورت ہوگی۔ ۔اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے قانون سازی پر بھی بات چیت ہوگی جبکہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان جیسا جھوٹا وزیراعظم نہیں دیکھا: شہباز شریف

ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں کے اجلاس میں شہباز شریف اور فیملی کے اثاثے منجمد کرنے کے معاملات بھی مشاورت میں زیر غور آئیں گے۔

اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ ۔ن لیگ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں رانا ثناء اللہ کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کیے جانے پر اظہار تشویش کیا گیا۔