جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

سندھ ہائی کورٹ نے فیصل واؤڈا نااہلی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ طلب کرلیا

ہائی کورٹ کا فیصلہ طلب

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے فیصل واؤڈا نااہلی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ طلب کرلیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں فیصل واؤڈا کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ فیصل واؤڈا کے وکیل بیرسٹر معیز احمد نے دلائل دیئے۔

وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو نااہلی کیس سے روکا جائے۔ عدالت الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی پر حکم امتناعی جاری کرے۔

جسٹس امجد علی سہتو نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آیا ہے، وہ کہاں ہے۔ فیصلہ دیکھنا ہوگا۔ اب تو فیصل واؤڈا ایم این اے رہا ہی نہیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اب ایم این اے نہیں رہے تو کیا خدشہ ہے؟

یہ بھی پڑھیں : فیصل واؤڈا نے نااہلی سے بچنے کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی

بیرسٹر معیز احمد نے کہا کہ مسلہ زندگی بھر کے لیے نااہل قرار دینے کا ہے۔ اسلام آباد فیصلے کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ ہمارا موقف بھی یہی ہے کہ الیکشن کمیشن کیس نہیں سن سکتا۔

عدالت نے فیصل واؤڈا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ طلب کرلیا، وکیل کو ہر صورت فیصلہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

عدالت نے فیصل واؤڈا کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کے فوری کیا تحفظات ہیں۔ الیکشن کمیشن سے دو تین دنوں میں جواب طلب کرلیتے ہیں۔

عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور دیگر فریقین کو 16 مارچ کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔

متعلقہ خبریں