جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھر پہنچے: بلاول بھٹو

بلاول

کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے لاک ڈاون طویل ہونے کی صورت میں سندھ حکومت کو مکمل منصوبہ بندی کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں یومیہ اجرت پر انحصار کرنے والوں کی امداد کے میکنزم کے حوالے سے اجلاس ہوا،

اجلاس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، ناصر شاہ، امتیاز شیخ اور مرتضی وہاب کی شریک ہوئے جبکہ اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے سعید غنی اور حارث گزدر نے بھی شرکت کی،

اتوار کے روز سندھ کی قیادت کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے طویل مشاورت کی گئی،اجلاس میں مستحق افراد کی نشان دہی اور ان تک رسائی کی منصوبہ بندی پر گفتگو کی گئی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سندھ کے وزیراعلی مراد علی شاہ نے حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا،

پارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ کوئی ایک مستحق بھی کہیں بھوکا نہ رہ جائے، سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھر پہنچے۔

انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ میں مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا ایک ایسا نظام بنانا ہوگا کہ حکومت، فلاحی ادارے اور مخیر حضرات ایک پلیٹ فارم سے مستحقین کی مدد کریں۔

پارٹی چیئرمین کاکہنا تھا کہ سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھرپہنچے امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے مستحق افراد کی امداد کا انتہائی موثر اور ایک بہترین نظام بنایا ہے،

مخیر حضرات اور فلاحی ادارے سندھ حکومت کے بازو بن کر زیادہ موثر ثابت ہوسکتے ہیں۔

پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے اپیل کی کہ اگر کوئی اپنے پڑوسی کی بھی مدد کرسکتا ہے تو وہ بھی اس سخت وقت میں اپنا حصہ ڈالے، کرونا وائرس کے بحران سے ہم سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ لاک ڈاون کا عمل طویل ہونے کی صورت میں سندھ حکومت کے پاس مکمل منصوبہ بندی ہونا چاہئیے میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ لاک ڈاون پر مکمل عمل درآمد کریں میرے نزدیک سب سے اہم اپنے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کرونا سے مشتبہ افراد کی زیادہ سے زیادہ اسکریننگ کا عمل جاری رکھا جائے، کرونا ایمرجنسی سینٹرز اور اسپتالوں میں ہمارے ڈاکٹرز بہترین کام کررہے ہیں میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو ان کی خدمات پر سلام پیش کرتا ہوں۔

متعلقہ خبریں