جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

اسمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ناسور ہے : وزیر اعظم عمران خان

اسمگلنگ ملکی معیشت

اسلام آباد : وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ناسور ہے، فیول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام الناس تک پہنچائے جانے کو یقینی بنایا جائے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت انسدادِ سمگلنگ اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیر صنعت محمد حماد اظہر، وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی، چئیرمین ایف بی آر اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹرییز اور آئی جیز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔

چئیرمین ایف بی آر نے اجلاس کو انسدادِ اسمگلنگ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صوبائی چیف سیکرٹریز کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

صوبائی چیف سیکریٹریز نے وزیر اعظم کو گندم کی پیداوار، کٹائی اور مجموعی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا اور ان قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے صوبائی چیف سیکریٹریز نے وزیراعظم کو تفصیلی طور پر بریف کیا۔

یہ بھی پڑھیں : جی ایس پی پلس معاہدے سے تجارت کو فائدہ ہوا : وزیر اعظم عمران خان

مختلف صوبائی حکومتوں کی جانب ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کی گئی کارروائی کی رپورٹ بھی وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ناسور ہے، اسمگلنگ معیشت کو دو طریقوں سے نقصان پہنچاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی فوڈ سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں اور عوام الناس کے استعمال کی بنیادی اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ سمگلنگ کی وجہ سے ملکی صنعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے، جس سے صنعتی عمل رک جاتا ہے۔ اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی رعایت یا کمپرومائز نہیں ہوگا۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی رپورٹ ہر پندرہ دن بعد پیش کی جائے تاکہ اس حوالے سے پیش رفت پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔

وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پٹرول اور خصوصاً ڈیزل کی قیمتوں میں کمی لانے کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا تھا۔ فیول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام الناس تک پہنچائے جانے کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکام متحرک کردار ادا کریں۔

متعلقہ خبریں