آنکھوں اور ہونٹوں کو تروتازہ رکھنے والی چند مفید غزائیں

واشنگٹن: خواتین اپنی جلد کے ساتھ ساتھ آنکھوں کو دیدہ زیب اور روشن بنانے کےلیے کئی سے نسخے اپناتی ہیں۔ ماہرین غذائیات کے مطابق ایسی غذائیں موجود ہیں جو آنکھوں کو حسین اور ہونٹوں کو تروتازہ اور دیدہ زیب بناتی ہیں۔

ہلدی

ہلدی پاک و ہند میں ہزاروں برس سے دیسی میک اپ کے طور پر استعمال ہورہی ہے۔ جلد کےلیے ہلدی ایک بہترین ٹانک ہے اورکھانوں میں اس کا باقاعدہ استعمال چہرے پر بھی نکھار کی وجہ بنتا ہے۔کچے دودھ میں نصف چمچہ ہلدی ملاکر اسے اپنے ہونٹوں اور چہرے پر لگائیے۔ 10 منٹ بعد چہرہ دھولیجیے تاکہ ہلدی دودھ سمیت جذب ہوجائے۔ آپ نوٹ کریں گی کہ چہرہ اور ہونٹ دونوں کی رنگت اور ملائمت پر فرق پڑا ہے۔ہلدی کا استعمال جھائیوں کو دور کرتا ہے اور جلد کو تروتازہ بناتا ہے۔

کیوی

کھٹا میٹھا اور خوش ذائقہ پھل کیوی میں وٹامن سی، کولاجِن، اومیگا تھری فیٹی ایسڈز اور کئی طرح کے امائنو ایسڈز پائے جاتے ہیں۔ یہ سب مل کر جلد کو دھوپ کی تمازت اور جھلسنے سے بچاتے ہیں۔ اس کے علاوہ جلد کی خشکی دور کرنے میں بھی کیوی ایک لاجواب پھل ہے۔

کدو کے بیج

کدو(پمپکِن) کے بیج ایک اہم دھات جست (زِنک) سے مالامال ہوتے ہیں۔ ان میں کئی اہم امائنو ایسڈز کے علاوہ سیروٹونِن نامی ہارمون بھی پایا جاتا ہے۔ زِنک چہرے اور جلد کو جوان اور تازہ رکھنے، کیل مہاسوں کو بھگانے اور انفیکشنز سے دور رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ کدو کے بیج کھانے سے ہونٹ گلابی اور نمی سے بھرپور دکھائی دیتے ہیں۔