سری لنکا نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا

لاہور: تین ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔

پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 148 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 134 رنز بناسکی۔

میچ کے ساتھ ساتھ سری لنکا نے سیریز 0-3 سے جیت لی۔

واضح رہے پاکستان ٹیم ٹی20 فارمیٹ میں پہلی مرتبہ کوئی سیریز تین صفر سے ہاری ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کیخلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

فرنینڈو کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ اوشاڈا فرنینڈو 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے محمد عامر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا تاہم فخر زمان پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 76 کے مجموعی اسکور پر گری جب بابر اعظم 27 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد حارث سہیل اور کپتان سرفراز بھی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور بالترتیب 52 اور 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

عماد وسیم تین اور آصف علی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 17 اور وہاب ریاض 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے ونندو ڈی سلوا نے تین 3 اور لہیرو کمارا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔