جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

سلطان مفرور الدین ارطغرل نواز شریف شوق سے واپس آئیں حکومت انکا استقبال کرے گی: فیاض الحسن

فیاض

لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے نواز شریف کے بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے لندن بھاگ کر موجودہ سیاسی نظام کے سلطان مفرور الدین ارطغرل کا خطاب پایا ہے۔ احتساب اور نظام سے مفرور افراد اور رہنماء تحاریک چلانے کی اخلاقی جرات نہیں رکھتے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سلطان مفرور الدین ارطغرل نواز شریف شوق سے پاکستان واپس آئیں حکومت انکی من تمنا، اور مرضی و منشا کے مطابق انکا استقبال کرے گی۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ ن لیگی قیادت اپنے قائدین کی ہراسمنٹ، کرپشن، بددیانتی اور جعلی ٹی ٹی کے کیسز کو سیاسی رنگ نہ دے۔ نیب نے شہباز شریف کو زیادہ نمازیں، کثیر روزے اور عبادات کرنے کی پاداش میں گرفتار نہیں کیا۔ وہ اپنی تابناک، بے مثال اور لازوال کرپشن کے باعث پابند سلاسل ہوۓ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیڈر ہیں : فیاض الحسن چوہان

ان کا کہنا تھا کہ ہر ترقیاتی منصوبے کا بڑھ چڑھ کر کریڈٹ لینے والے شہباز شریف نیب بنانے کا کریڈٹ کیوں نہیں لیتے اقتدار میں بڑھکیں مارنے والے خادم اعلیٰ اب ہر بات پر خود کو خطا کار کہہ رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے حوالے سے شریف خاندان "سوال گندم جواب چنا” کی انوکھی اور نرالی منطق پیش کرتے ہیں۔ نیب سوال کرپشن پر کرتی ہے، آلِ شریف جواب قومی اداروں پر الزامات کی شکل میں دیتی ہے۔

متعلقہ خبریں