جی ٹی وی نیٹ ورک
انٹرٹینمنٹ

سشانت سنگھ خودکشی کیس، اداکار کی گرل فرینڈ ریا چکروتی گرفتار

سشانت

ممبئی: اداکار سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اداکار کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کو گرفتار کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت خودکشی کیس میں جہاں اداکار کے ذہنی امراض سے متعلق دوائیں لینے کا انکشاف ہوا وہیں منشیات کا پہلو بھی سامنے آیا تھا جس پر انسداد منشیات کے ادارے این بی سی نے کچھ شواہد ملنے پر سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کو گرفتار کرلیا۔

خودکشی کیس کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ایسی چیٹس ملی تھیں جن میں ریا چکروتی کی سشانت سنگھ کے لیے منشیات خریدنے کا ذکر تھا۔

ریا چکر وتی سے تفتیشی ادارے تین دن سے پوچھ گچھ کر رہے تھے تاہم وہ اطمینان بخش جوابات نہیں دے پائی تھیں اس لیے آج انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ این بی سی اداکارہ سے ڈرگ مافیا سے متعلق معلومات بھی حاصل کرنا چاہتی ہے۔

دوران حراست ریا چکروتی کے خون کے ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے جب کہ گرفتاری سے قبل ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سشانت سنگھ کو منصوبہ بندی سے قتل کیا گیا: کنگنا رناوت

سشانت سنگھ کے اہل خانہ کی جانب سے کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے تاہم سوشل میڈیا پر مداحوں نے ریا کی گرفتاری پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے ابھرتے ہوئے اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے اپنے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی جس پر ان کے اہل خانہ اور مداحوں نے سشانت کی گرل فرینڈ اداکارہ ریاچکروتی کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

متعلقہ خبریں