موجودہ حکومت بزدلوں کی ہے، ہم جب چاہیں اس کو گرا سکتے ہیں؛ بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ حکومت بزدلوں کی حکومت ہے ہم جب چاہیں موجودہ حکومت کو گرا سکتے ہیں۔

چیئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے فریال تالپور کو گرفتار کر لیا ہے، نیب کو آمر مشرف نے سیاسی انتقام کے لیے بنایا، آج کے پاکستان اور مشرف کے پاکستان میں کیا فرق ہے؟ عدلیہ خودمختار نہیں، میڈیا آزاد نہیں، معزز جج صاحبان کو سازش کے تحت ہٹایا جارہا ہے، اب بتائیں نئے پاکستان اور آمروں کے پاکستان میں کیا فرق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کو دباؤ میں لانے کیلئے حکومت ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہےاور ہر ادارے کو بلیک میل اور دباؤ کے ذریعے چلانے کی کوشش کی جارہی ہے، عدلیہ پرجوحملہ مشرف نے کیا آج وہی کٹھ پتلی حکومت کر رہی ہے اور اسکرپٹ کے برعکس چلنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری کو بجٹ کے دن گرفتار کیا گیا، یہ حکومت بزدلوں کی حکومت ہے انہیں پتا ہے ان کی اکثریت نہیں ہے، اس لیے انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ بنایا ہے، حکومت دھاندلی کے ذریعے بجٹ پاس کرانا چاہتی ہے اگر یہ دھاندلی کے ذریعے بجٹ پاس کرواتے ہیں تو اس کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فریال تالپور بہادر عورت ہیں ہم ہر محاذ پر لڑیں گے، بزدلانہ حرکتوں سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، دعا کریں آپ کے بعد پی پی کی حکومت آئے جس میں ہم خواتین کے خلاف کارروائیاں نہیں کریں گے۔