جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

دشمن پاک افواج کے عزم و مہارت کے حوالے سے غلط فہمی کا شکار رہا : جام کمال

دشمن پاک افواج

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دشمن ہمیشہ پاکستانی قوم کے جذبے اور پاک افواج کے عزم و مہارت کے حوالے سے غلط فہمی کا شکار رہا ہے۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تابناک تاریخ میں 6 ستمبر کا دن ہماری بہادر مسلح افواج کی جرأت اور ایثار و قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے۔ پاک افواج دشمن کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن ہمیشہ پاکستانی قوم کے جذبے اور پاک افواج کے عزم و مہارت کے حوالے سے غلط فہمی کا شکار رہا ہے۔ دشمن نے جب بھی جارحیت کی پاک افواج نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قوم اور مسلح افواج نے پاکستان کو ایک ناقابل تسخیر قوت بنا دیا : وزیراعلیٰ محمود خان

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاک فضائیہ کے سپوتوں نے 1965 میں دشمن کے ساتھ پیش آنے والے فضائی معرکے میں بہادری کی نئی داستان رقم کی۔ 27 فروری 2019 کو بھی پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے دو جنگی جہاز گرا کر قوم کا مورال اور سر فخر سے بلند کیا۔ قوم پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کرتی ہے۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور جذبہ ایمانی نے آج پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔

قوم پاکستان کی ترقی، امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے 1965 کی طرح آج بھی متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ ہم دفاع وطن کے تمام شہداء اور غازیوں کے عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنے ملک کی دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

متعلقہ خبریں