اسلام آباد : آج ہیگ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات کے معاملے پر ثالثی عدالت میں کیس لگے گا۔
ذرائع وزارت آبی وسائل نے کہا ہے کہ ثالثی عدالت کا قیام عالمی بینک کی معاونت سے عمل میں آیا تھا۔ عدالت کل تک آبی تنازعات پر پاکستان کے اعتراضات خود سنے گی۔
پاکستان نے بھارتی آبی منصوبوں کشن گنگا اور رتلے پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائن پر اعتراضات اٹھا رکھے ہیں۔ بھارت نے دریائے جہلم پر 330 میگاواٹ کا کشن گنگا پن بجلی منصوبہ لگایا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکسان کے انٹیلی جنس اداروں نے بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ ناکام بنادیا
بھارت دریائے چناب پر 850 میگاواٹ کا رتلے پن بجلی منصوبہ لگا رہا ہے۔ پاکستان نے اعتراضات اٹھا رکھے ہیں کہ ان منصوبوں سے پاکستان کو پانی کا بہاؤ کم ہو گا۔
ذرائع وزارت آبی وسائل نے کہا ہے کہ پاکستانی وفد سیکریٹری آبی وسائل حسن ناصر جامی کی سربراہی میں ہیگ میں ہے۔ وفد میں انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ اور اٹارنی جنرل آفس کے حکام بھی شامل ہیں۔