جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

جوڈیشل انکوائری کمیشن نے سانحہ اے پی ایس کو سکیورٹی کی ناکامی قرار دیدیا

اے پی ایس

اسلام آباد: جوڈیشل انکوائری کمیشن نے سانحہ اے پی ایس کو سکیورٹی کی ناکامی قرار دے دیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد اسکول کے عقب سے بغیر کسی مزاحمت داخل ہوئے، مزاحمت کی ہوتی تو شاید جانی نقصان اتنا نہ ہوتا۔

انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے مطابق دھمکیوں کے بعد محافظوں کی کم تعداد اور درست مقامات پر عدم تعیناتی کی نشاندہی کی گئی، دہشت گرد اسکول کے عقب سے بغیر کسی مزاحمت داخل ہوئے، مزاحمت کی ہوتی شاید جانی نقصان اتنا نہ ہوتا۔

رپورٹ کے مطابق غداری سے سیکیورٹی پر سمجھوتہ ہوا، دہشت گرد افغانستان سے ممکنہ طور پر مہاجرین کے روپ میں داخل ہوئے، دہشت گردوں کو مقامی افراد کی طرف سے ملنے والی سہولت کاری ناقابل معافی ہے، اپنا ہی خون غداری کر جائے تو نتائج بہت سنگین ہوتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دنیا کی کوئی ایجنسی ایسے حملوں کا تدارک نہیں کر سکتی، گشت پر مامور سیکیورٹی اہلکار دہشت گردوں کی جانب سے جلائی گئی گاڑی کی جانب گئے۔ گاڑی کو دہشت گردوں نے آگ لگائی ہی اہلکاروں کو دھوکہ دینے کےلیے تھی، گشت پر مامور دوسری گاڑی نے پہنچ کر دہشت گردوں سے مقابلہ کیا، غفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کو سزائیں بھی دی گئیں۔

انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے مطابق نیکٹا نے عسکری مراکز، حکام اور ان کے اہل خانہ پر حملوں کا عمومی الرٹ جاری کیاتھا، نیکٹا الرٹ کے بعد فوج نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں شروع کیں۔

متعلقہ خبریں