جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

وطن کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری آن، بان اور شان ہیں : عثمان بزدار

وطن کیلئے جانیں

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ دفاع وطن کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری آن، بان اور شان ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یوم دفاع و شہداء پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اور قابل فخر باب ہے۔ پاک افواج نے بزدل دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک دھرتی کے عظیم سپوتوں نے دفاع وطن کی خاطر بہادری کی بے مثال داستانیں رقم کیں۔ وطن کے دفاع کے جذبے سے سرشار مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔

یہ بھی پڑھیں : تعلیمی ادارے بند کرنے پر تنقید کی گئی، آج وفاق خود بند کر رہا ہے : وزیراعلیٰ سندھ

ان کا کہنا تھا کہ تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ مکار دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے شہداء آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دفاع وطن کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری آن، بان اور شان ہیں۔ آج پوری قوم شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 1965 کی جنگ میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے غازیوں کو بھی سلیوٹ کرتے ہیں۔

ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے جس وحدت اوراتحاد کا مظاہرہ کیا آج پھر اسی جذبے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کیلئے پوری قوم اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج یکجان ہیں۔ یوم دفاع و شہداء پر ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کاا ظہار کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں