جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

گلگت بلتستان میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن مکمل کرنا ہے: بلاول

بلاول

ہنزہ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن مکمل کرنا ہے، یہاں کے عوام کو ان کا حق دیں گے۔

ہنزہ کے علاقے ناصرآباد میں انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ گلگت بلتستان کو پوچھنا پڑ رہا ہے کہ سی پیک کہاں ہے؟ ہم نے گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی صوبہ دینا ہے، سی پیک سمیت تمام منصوبوں میں یہاں کے عوام کو روزگار دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ گلگت بلتستان کے چپے چپے میں گھوم رہے ہیں، انہیں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن مکمل کرنا ہے، یہاں کے عوام کو ان کا حق دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ(سی پیک) سب سے پہلے گلگت بلتستان میں شروع ہونا چاہیئے تھا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ آج بزرگ پینشن کے لیے پریشان ہیں تو ڈاکٹر اور نرس بھی سراپا احتجاج ہیں، مزدور بھی احتجاج کررہا ہے تو تاجر بھی ناخوش ہے اور کسانوں کے احتجاج پر لاٹھی چارج کر کے انہیں شہید کیا جارہا ہے، ہم نے گلگت بلتستان کے عوام کو اس ظالم و نااہل کٹھ پتلی راج سے بچانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں سے ہمارا تین نسلوں کا رشتہ ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اپنی تاریخ دہراتے ہوئے گلگت بلتستان کی عوام کو حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار دلوائے گی۔

متعلقہ خبریں