جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

کورونا؛ این سی او سی نے شادی کی تقریبات سے متعلق گائیڈلائنز جاری کردی

کورونا

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے شادی کی تقریبات سے متعلق ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ گائیڈ لائنز کے مطابق شادی کی تقریب کا میزبان کورونا ایس اوپیز پرعملدرآمدکا ذمہ دارہوگا، ہرمہمان کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔

این سی او سی کے مطابق شادی کی تقریبات سے متعلق گائیڈلائنز کا نفاذ 20 نومبرسے مخصوص شہروں پر ہوگا۔

لاہور سمیت پنجاب کے 7 شہروں جبکہ سندھ کے 2 شہروں کراچی اور حیدرآباد میں شادی گائیڈ لائنز نافذ العمل ہوں گی۔ بلوچستان کے شہر کوئٹہ اور خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں گائیڈ لائنز کا اطلاق ہوگا۔

آزاد کشمیر کے دوشہروں مظفر آباد اورمیرپور میں بھی یہ گائیڈلائنز نافذالعمل ہوں گی۔

این سی او سی گائیڈ لائنز کے مطابق شادی کی تقریب کا انعقاد اور جگہ کا انتخاب لوکل ہیلتھ اتھارٹی کی مشاورت سے ہوگا۔ شادی کی اِن ڈور تقریب پر پابندی ہوگی اور صرف آؤٹ ڈور کی اجازت دی جائے گی۔

شادی کی تقریب کا میزبان کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کا ذمہ دار ہوگا، ہر مہمان کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔ شادی میں شریک ہر مہمان کو ماسک اور سینی ٹائزر میزبان فراہم کرے گا۔

این سی او سی کے مطابق تقریب میں بوفے ڈنر یا لنچ کی اجازت نہیں ہوگی، صرف لنچ باکس یا ٹیبل سروس کی اجازت ہوگی۔ ولیمے کی تقریب میں مہمانوں کے لیے فوڈ باکسز کا استعمال کیا جائے گا، ولیمے میں مہمانوں کو ٹیبل پر کھانا دینے کی اجازت ہوگی۔

مارکیز میں شادی کی تقریب کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی، شادی کی آؤٹ ڈورمیں کنوپی ٹینٹ کا استعمال بھی ممنوع ہوگا۔ تقریب کا دورانیہ 2 گھنٹے ہوگا اور رات 10 بجے تک تقریب ختم کرنا ہوگی۔

متعلقہ خبریں