جی ٹی وی نیٹ ورک
اہم خبر

قانون کا پھندا گلے میں آنے والا ہے، عمران خان سو فیصد نااہل ہوگا : شرجیل میمن

قانون کا پھندا

کراچی : صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی باتوں سے لگتا ہے وہ کسی گھناؤنے مشن پر ہیں، قانون کا پھندا بہت جلد عمران خان کے گلے میں آنے والا ہے۔ عمران خان سو فیصد نااہل ہوگا۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کل عمران خان نے پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے نئی روایت ڈالی ہے، صرف اپنے آپ سے بات کر رہا ہوتا ہے۔ پسند کے صحافیوں کے ساتھ بات کرتا ہے یا کسی سے نہیں۔ خان صاحب کسی کو جواب دینے کے قابل نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ کل توشہ خانہ کا ذکر کیا گیا۔ آصف علی زرداری کو سربراہاں نے جو گاڑیاں دی تھی، وہ قوانین کے مطابق انہوں نے حاصل کی تھی، جو آج بھی ان کے ذاتی استعمال میں ہیں۔ انہوں نے بیچی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تحفے لئے مارکیٹ میں بیچے۔ ان کا کچھ حصہ قومی خزانے میں جمع کروایا۔ عمران خان کے خلاف کیس کیوں نہیں بنتا؟ وہ کیا آسمان سے اترے ہوئے ہیں؟

پی پی رہنماء نے کہا کہ کل عمران خان کی باڈی لینگویج تبدیل تھی، وہ ڈرا ہوا ہے۔ عمران خان نے ملک کے خلاف بیانیہ اپنایا ہوا ہے۔ جب سے عمران خان گیا، اس کے تمام بیان ملک کے خلاف ہیں،  کے سوشل میڈیا ٹرینڈ دیکھ لیں۔ کل بنگلا دیش کی مثال دینے کی کیا ضرورت تھی۔ قانون کا پھندا بہت جلد عمران خان کے گلے میں آنے والا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی باتوں سے لگتا ہے وہ کسی گھناؤنے مشن پر ہیں، سازش کر رہے ہیں۔ ان کے پیچھے کچھ دشمن ملکوں کی سپورٹ ہے۔ کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اس سازش کے کرداروں کی نشاندہی ڈاکٹر اسرار اور حکیم سعید کرچکے ہیں۔ اس کے بہروپئے پن کی نشاندہی تفصیل سے کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل خان صاحب نے طالبان کا ذکر کیا۔ عمران خان نے کہا سازش کے تحت طالبان خیبر پختونخوا میں فعال ہوگئے۔ طالبان کس سے رابطے میں رہے سب کو پتہ ہے۔ بنوں جیل ٹوٹا۔ کل ایم پی ایز سے بھتے کا ذکر کیا کہ ان سے طالبان لے رہے ہیں۔ کل بیریسٹر سیف نے واضع کیا کہ خیبر پختونخوا میں طالبان نے کچھ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان سیاست کے لئے اداروں میں بغاوت نہیں کروا پائیں گے : عظمیٰ بخاری

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا عمران خان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے تو یہ ان کی ناکامی ہے۔ ہمارے اداروں نے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے 14 سال کے دوران خیبر پختونخوا کا برا حال کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اور عمران خان باجوڑ اور سوات میں جلسے نہیں کرسکتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر شہباز گل کا بیان غلط ہے، تو قوم سے معافی مانگی جائے۔ الٹا خان صاحب نے کہا کہ اگر شہباز گل نے کچھ غلط کیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شہباز گل کا بیان پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں تو شوکاز کیوں نہیں دیا گیا؟

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی نیت پاکستان کے حق میں نہیں ہے۔ بلوچستان میں ہمارے فوجی افسران کی شہادت پر مہم چلائی گئی۔ انکوائری ہو رہی ہے، اس کے تانے بانے دیکھیں گے، کہاں جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان منافق ترین شخص ہے، ملک میں منافقت پھیلا رہا ہے۔ فارین فنڈنگ کیس میں عمران خان سو فیصد نااہل ہوگا۔ سات سال سزا بھی ملے گی۔ او بھائی تم پہلے دن سے نااہل تھے۔ تمہیں چلایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 18 اپریل 2008 میں ایک لاکھ پاؤنڈ سابقہ بیوی جمائما کے اکاؤنٹ میں چندے کے پیسے منتقل کئے۔ کینسر کے نام پر پوری دنیا سے چندے لئے۔ کاؤنٹر دستخط ان کی بہن علیمہ خان کے ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنماء نے کہا کہ عمران خان کے ذاتی اکاؤنٹ ہوں یا پارٹی کے اکاؤنٹ ہوں، سب کو سیل کیا جائے۔ عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے۔ یہ ٹی وی پر بیٹھ کر ملک ٹوٹنے کی باتیں کرتا ہے۔ عمران خان کی گرفتاری سے کچھ نہیں ہوگاْ کوئی احتجاج نہیں ہوگا ملک اسی طرح چلتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چل رہی ہے۔ جو عمران خان کر رہا ہے اگر یہ کسی اور صوبے سے ہو رہا ہوتا تو پتہ نہیں کیا ہوتا۔ وہ لاڈلا ہے۔ وہ باقاعدہ مہم چلا رہا ہے۔ وہ آدھا کلمہ پڑھ کر کہہ دے کہ ان کو اقتدار کس طرح دیا گیا تھا۔ اداروں نے کچھ نہیں کیا، وہ نیوٹرل ہیں۔ وہ کہتا ہے ادارے میرے لئے کام کریں۔

متعلقہ خبریں