کراچی: شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سوچ تھی میں ہوں تو سب کچھ ہے، میں نہیں تو کچھ نہیں، 4 سال چور ڈاکو کا نعرہ لگانیوالا خود پکڑا گیا تو کہتا ہے، جلاؤ گھیراؤ کرو۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں انہوں نے کے 4 منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم ہماری حکومت کا حصہ ہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی کا راز متحد ہونے میں ہے، گزشتہ ایک سال میں چیلنجز کا باہمی اعتماد اور مشاورت سے مقابلہ کیا گیا، اتفاق اور اتحاد میں ہی برکت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی افرا تفری پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی گئی، عمران نیازی کے اکسانے پر 9 مئی کو جتھوں نے حملے کیے، 9 مئی کو جتھوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کیے، 9 مئی کے المناک ترین واقعات پر سیاسی افراتفری کا اختتام ہوا، اتحادی حکومت نے سازش کو دفن کردیا، اسکے تانے بانے سمندر پار تک تھے، افواج پاکستان، پولیس شہدا کے لواحقین کو ملا تو ہر آنکھ نم تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکسٹائل معیشت اور برآمدات کیلئے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے : وزیر اعظم
انہوں نے کہا کہ قوم کے عظیم سپوتوں نے جانیں دے کر لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا، یقین دلاتا ہوں مل کر مسائل حل کریں گے، چیلنجز ہیں، مہنگائی سمیت تمام مسائل کو شکست فاش دیں گے، مراد علی شاہ نے بتایا کس طرح کے فور منصوبے کو سرد خانے کی نذر کیا گیا، کے فور منصوبے کو سرد خانے کی نذر کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نے کراچی کے پانی کے منصوبے پر توجہ نہیں دی، سابق وزیراعظم کی ہر منصوبے میں ایسی ہی سوچ تھی، عمران خان کی سوچ تھی میں ہوں تو سب کچھ ہے، میں نہیں تو کچھ نہیں، 4 سال چور ڈاکو کا نعرہ لگانیوالا خود پکڑا گیا تو کہتا ہے، جلاؤ گھیراؤ کرو، بڑے واقعات ہوئے مگر کسی سیاسی لیڈر نے یہ نہیں کہا کہ فوجی تنصیبات کو برباد کرو۔