جی ٹی وی نیٹ ورک
پاکستان

پی ڈی ایم نے ملک بھر میں جلسوں کا شیڈول جاری کردیا

جلسے

اسلام آباد: پی ڈی ایم کا مرکزی ڈھانچہ تشکیل دیدیا گیا، سیکرٹری جنرل شاہد خاقان، سینئر نائب صدر راجا پرویز ہونگے، تمام جماعتوں کے رہنما نائب صدور اور ڈپٹی سیکرٹریز ہونگے، پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرنوالہ، دوسرا 18 اکتوبر کو کراچی اور 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں اپوزیشن میدان سجائے گی۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم اسٹیرنگ کمیٹی کے سربراہ احسن اقبال نے فیصلوں سے آگاہ کیا بولے اتفاق رائے سے پی ڈی ایم کے سینئر نائب صدر راجا پرویز اشرف جبکہ سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی ہونگے، سیکرٹری اطلاعات میاں افتخار ہونگے۔

انہوں نے ملک بھر جلوسوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلا جلسہ گوجرانولہ، دوسرا کراچی اور تیسرا کوئٹہ میں ہوگا، 13 دسمبر کو سب سے بڑا جلسہ لاہور میں ہوگا اس جلسہ کے بعد جعلی سیٹ اپ کی گنجائش مکمل ختم کی جائے گی اور عوام فیصلہ سنادیں گے۔

پی ڈی ایم کے نو منتخب سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شفاف انتخابات سے متعلق ہم نے میکنزم تیار کرلیا ہے جلسوں میں اعلان کریں گے یہ اتحاد سیاسی بھی ہے اور انتخابی بھی ہوگا، پی ڈی ایم کا مقصد عوام کو ان حکمرانوں سے چھٹکارا دلوانا ہے۔

سنئیر نائب صدر پی ڈی ایم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بنیادی مقصد پاکستانی عوام کی ترجمانی کرنا ہے آج پاکستانی عوام بے روزگاری اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، قلم پر پابندی ہے، میڈیا ہاؤسز سے کئی لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں، صعنتیں تباہ ہیں، کیا یہ جمہوریت ہے؟

سیکرٹری اطلاعات پی ڈی ایم میاں افتخار نے کہا کہ تمام قوتوں سے کہتا ہوں ہماری آواز سنیں اور اپوزیشن کو دیوار سے مت لگائیں، میڈیا ہمارا ساتھ دے۔

اجلاس میں رہنماؤں نے نواز شریف کے خلاف بغاوت کے مقدمے کی مذمت کی اور کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے خلاف بھی مقدمہ قائم کرکے کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ کی مدت کا تعین کرنے کے لیے اعلی قیادت فیصلہ کرے گی۔

متعلقہ خبریں