جی ٹی وی نیٹ ورک
بریکنگ نیوز

مہنگائی کا جن گلی گلی، گھر گھر اعلان کررہا ہے کہ وزیراعظم چور ہے : شہباز شریف

مہنگائی کا جن

اسلام آباد : شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کو تین سال سے نااہلی، نالائقی، کرپشن اور مہنگائی کی اسموگ نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، مہنگائی کا جن گلی گلی، گھر گھر اعلان کررہا ہے کہ وزیراعظم چور ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے جاری بیان میں کہا ہے کہ قطاروں میں کھڑے عوام آج نواز شریف اور پرانے پاکستان کو حسرت سے یاد کر رہے ہیں۔

انہوں نے طنزیہ کیا کہ عمران نیازی صاحب غریب اوپر جارہا ہے، لیکن اللہ تعالی کے پاس، ظالم حکمرانوں کی بے حسی غریبوں کے زخموں پر نمک ہے۔ پورے ملک کو تین سال سے نااہلی، نالائقی، کرپشن اور مہنگائی کی اسموگ نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول، آٹے، چینی اور اشیائے ضروریہ کے لئے قوم کو قطاروں میں دھکے کھاتے دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ راشن کارڈ، قطاریں، مہنگائی، یوٹرن، جھوٹ نئے پاکستان کی شناختی علامات ہیں۔ ملک میں گیس کابحران عمران نیازی کی بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تبدیلی تباہی کی وباء بن چکی ہے، نجات ضروری ہے : شازیہ مری

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ گیس مہنگی اور موجود بھی نہیں، نئے سال پر گیس کی قیمت میں 400 فیصد اضافے کا نیا بم قوم پر گرنے والا ہے۔ یکم جنوری سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو سینکڑوں روپے اضافی ادا کرنے پر گیس ملے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ 1400 سے بڑھا کر 1700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو یونٹ کرنے کی تیاری قوم کو زبحہ کرنے کے مترادف ہے۔

گیس کے بعد چینی کا بحران پھر سے سراٹھا رہا ہے، پہلے ہی 52 روپے والی چینی 130 اور150 تک مل رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرشنگ شروع ہونے کے باوجود چینی کی سپلائی اب تک بحال نہ ہونا نااہلی و بدانتظامی کی انتہاء ہے۔ ڈالر 177 روپے سے زائد پر فروخت ہو رہا ہے، ڈالر کی پرواز قوم کی مہنگائی کے دردناک کرب کو مسلسل بڑھا رہی ہے، کوئی پرسان حال نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں ایک فیصد کمی مہنگائی میں 14 سے 16 بنیادی پوائنٹس میں اضافہ کرتی ہے۔ عمران نیازی کی دیدہ دلیرہ پر حیرت ہے، اب کنٹینر والی باتیں کیوں بھول گئے ہیں؟ اب ان کی سیاسی اخلاقیات کہاں ہے؟

شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کا بے قابو جن گلی گلی، گھر گھر اعلان کررہا ہے کہ وزیراعظم چور ہے۔ ہر دن، ہر بحران، قیمتوں میں ہر اضافہ پکار پکار کر دہائی دے رہا ہے کہ یہ حکومت چلتی رہی تو ملک نہیں چلے گا، عوام تکلیف میں رہے گی۔

متعلقہ خبریں